157

پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح عوام کی صحت اور اُن کے لئے سہولیات ہیں۔ سردار محمد سبطین خان

میانوالی(ذرائع)وزیرِ جنگلات پنجاب سردار محمد سبطین خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کاا جلاس گذشتہ روزڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کرونا وائرس کے سلسلے میں بروئے کار لائے جانے والے حفاظتی اقدامات، علاج معالجہ کی سہولیات، گندم خریداری مہم اور وفاقی،صوبائی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی داروں مزدور خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی سے متعلق امر کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان، ممبران پنجاب اسمبلی عبدالرحمن ببلی خان، ملک احمد خان بھچر، امین اللہ خان، ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ، ڈی پی او حسن اسد علوی، اے ڈی سی آر واحد ارجمند ضیاء، اے ڈی سی جی سید نوید عالم، اسسٹنٹ کمشنر ز، سی ای او ہیلتھ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتال اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار محمد سبطین خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کرونا وائرس وباء کے سدباب کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات برؤے کار لار ہی ہے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو مالی معاؤنت کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کاؤشیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ کروناوائرس کے ٹیسٹوں کے لئے ڈویژنل ھیڈکوارٹر ز پر جلد از جلد لیبارٹریز کے قیام کو ممکن بنایا جا رہاہے۔ مزید براں اس سال گندم خریداری کے لئے پراسس کو کاشتکاروں کی سہولت کیلئے آسان بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس ملک و قوم کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے اس سے نبرد آزماء ہونے کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر قومی یکجہتی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے عوام کو حکومتی احکامات اور کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ضروت ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میانوالی میں کرونا وائر س کے حوالہ سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔ ضلع کے چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت 125 مریضوں کے لئے جدید ترین طبی آلات سے آئسولیشن رومز وارڈز قائم کئے گئے ہیں۔ پی پی ای کٹس، ماسک، سیناٹائزرز اور دیگر طبی سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں کرونا وائرس کے 5 مریض پازیٹیو آئے جن میں سے ایک کا رزلٹ نیگٹیو آچکا ہے باقی چار مریض بھی خطرے سے باہر ہیں اورتیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو واحد ارجمند ضیاء نے شرکاء کو وفاقی حکومت کے احساس مالی معاونت پروگرام اور حکومت پنجاب کرونا وائرس انصاف امداد پروگرام کے طریقہ کار پر بریفنگ دی جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چوہدری محمد توفیق نے گندم خریداری مراکز کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیرجنگلات پنجاب نے کہا کہ 15 اپریل سے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانہ کی فراہمی اور 25 اپریل سے گندم خریداری یقینی بنائیں۔ ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کرونا وائرس سے متاثر ہ خاندانوں کی امداد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لار ہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ کوئی مستحق امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ انھوں نے گندم خریداری کو شفاف بنانے اور ضلع بھر میں موجود ہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر بلاتعطل آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ممبر ان پنجاب اسمبلی عبدالرحمن ببلی خان، امین اللہ خان اور ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے متاثرہ خاندانوں کو بھوک اور افلاس سے بچانے کے لئے جلد اقدامات بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس امر کو ممکن بنایا جائے کہ مالی امداد سے صرف مستحقین مستفید ہو سکیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ اس سلسلہ میں الیکٹرانک، پرنٹ، اور سوشل میڈیا کے زریعے انھیں رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ وفاقی، پنجاب حکومت کے مالی معاؤنت پروگرام سے بروقت مستفید ہو سکیں۔ ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان نے کہا کہ مالی معاونت کے لئے مستحقین وفاقی حکومت کے آن لائن نمبر 8171 اور پنجاب حکومت کے انصاف امد اد پروگرام کے آن لائن نمبر 8070 پرمیسج کر کے رجسٹریشن جلد کروائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں