76

بحرین میں نماز اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت کی جانب سے تمام مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
لوگوں کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ نماز پنجگانہ گھروں سے ہی ادا کریں۔ ایک اور خلیجی ملک میں مساجد کو عبادت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ کویتی اخبار القبس کے مطابق بحرین کی حکومت نے تمام مساجد میں نماز اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے جو کہ عارضی نوعیت کی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق گزشتہ روز مغرب کے نماز سے ہو گیا ہے۔بحرین کی اسلامی امور کی سپریم کونسل کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی کا فتویٰ دیا گیا تھا، جس کے بعد سنی محکمہ اوقاف کی جانب سے اس پابندی کا اعلان کر دیا گیا۔

محکمہ اوقاف نے تارکین وطن اور مقامی افراد کو تاکید کی ہے کہ وہ اس بحرانی گھڑی میں نمازیں گھروں سے ہی ادا کریں۔ عبادت کے معاملے میں بالکل غفلت نہ کریں کیونکہ آج کے بحرانی دور میں پیدا ہونے والی آزمائش سے نجات کے لیے زیادہ سے زیادہ عبادت کرنی لازمی ہو گئی ہے۔ ہر اذان میں لوگوں سے کہا جائے گا کہ وہ گھروں پر ہی نماز ادا کریں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے خدشے کے باعث تمام مذاہب کی عبادت گاہیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں